ممبئی: مہاراشٹر حج کمیٹی کے ذمہ دار سے ملاقات کے دوران رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ اورنگ آباد امبارکیش پوائنٹ پر عازمین پر لگائے گئے اضافی چارج کو فورا ہٹایا جائے کیونکہ یہ اضافی بوجھ حجاج کرام کیلئے غیر ضروری ہے جب کہ سفر حج مہنگا بھی ہوا ہے۔ ایسی صورتحال میں امبارکیش پوائنٹ پر مزید اضافی رقومات کا تقاضہ ناقابل قبول ہے۔ اس لیے اضافی چارج کو واپس لیا جائے۔
سماجوادی پارٹی لیڈر و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے حج کمیٹی آف انڈیا، وزارت اقلیتی امور، وزارت خارجہ اور مرکزی وزیر اقلیتی امور اسمرتی ایرانی سے کیا ہے۔ اعظمی نے احتجاجی مظاہرہ میں پرزور مطالبہ کیا کہ اورنگ آباد، ناگپور اور دیگر ریاستوں عازمین حج کے ساتھ نا انصافی ناقابل قبول ہے۔ ممبئی کی بہ نسبت اورنگ آباد اور ناگپور امبارکیش پوائنٹ سے عازمین کو اضافی چارج یعنی 77 ہزار روپے کی ادائیگی کرنا ان کے لیے مجبوری کا باعث ہے۔ عظمی نے برہمی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ حج کے امور میں عازمین کو سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ حج کو سستا کرنے کی کوشش کرنا ضروری ہے لیکن حج مہنگا ہوتا جارہا ہے۔ وہ عام مسلمان کے دسترس سے باہر ہے۔ ایسے میں مزید اضافی بوجھ اور غیر ضروری اخراجات عازمین حج کیلئے پریشانی کا باعث بن جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حج بیت اللہ ایک مذہبی فریضہ ہے اس میں سرکار کو مسلمانوں کے ساتھ رعایت کرنی چاہئے لیکن سرکار نے پہلے حج پر سبسڈی ختم کی اور پھر اب اضافی چارج وصول کیا جارہا ہے سبسڈی ختم کر نے پر مسلمانوں کو کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن حج مہنگا کرنے پر مسلمان معترض ہے اس کے باوجود سرکار اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔