گوونڈی میں ایس ایم ایس کمپنی کی وجہ سے 12 لاکھ مکین اور شہری موت کے منہ میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں لیکن سرکار اس سے لاپرواہ اور چشم پوشی سے کام لے رہی ہے۔ اس کے خلاف رکن اسمبلی اور ایس پی لیڈر ابوعاصم اعظمی نے اپنے تمام کارپوریٹروں کے ساتھ منترالیہ میں بینر اٹھا کر ایس ایم ایس کمپنی کے خلاف سراپا احتجاج کیا۔
اس موقعہ پر ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ ہر مرتبہ اسمبلی میں ایس ایم ایس کمپنی کی آلودگی کے خلاف آواز بلند کرچکا ہوں لیکن اس کے باوجود اس پر کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ یہاں کے مکین ایس ایم ایس کمپنی کے سبب موت کے منہ میں ہیں لیکن سرکار چشم پوشی کا شکار ہے اب تک اس کمپنی کو بند کر نے سے متعلق کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے اور ہمارے مطالبات کو بھی نظر انداز کیا جارہا ہے اس لئے آج ہم منترالیہ کے سامنے ایس ایم ایس کمپنی بند کرو کا بینر لے کر کھڑے ہوئے ہیں تاکہ سرکار اس متعلق کارروائی کے احکامات جاری کرے ۔
انہوں نے کہا کہ سرکار اس کمپنی کو بند کرنے سے متعلق کوئی بھی اقدامات کرنے کو تیار نہیں ہے، میں گزشتہ کئی دنوں سے ایس ایم ایس کمپنی کو بند کرنے کیلئے وزیر ماحولیات سے ملنے کی کوشش کر رہا ہوں لیکن اب تک ان کے پاس مجھ سے ملاقات کی فرصت نہیں ہے ان کا پی اے تو ملاقات کیلئے وقت طلب کرنے کیلئے فون ریسیو کرنے کو بھی تیار نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آج کابینہ کی میٹنگ تھی مجھے لگا کہ آج وزیر ماحولیات سے ملاقات ہوگی تو وہ میٹنگ سے ہی غیر حاضر رہے، اس لئے بینر دکھا کر ایس ایم ایس کمپنی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔