مالیگاؤں:ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں واقع عائشہ نگر نوری فنکشن ہال سے متصل بستی میں گذشتہ کچھ روز قبل آتشزدگی کا بھیانک حادثہ پیش آیا جس میں تقریبا 20 سے زائد مکانات آگ میں جل کر خاک ہوگئے، جس کے سبب درجوں خاندان بے گھر ہوگئے اور ان کے بچوں کی تعلیم کا سلسلہ منقطع ہوگیا۔
اس تناظر میں اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آف انڈیا مالیگاؤں کے نوجوان صدر محمد شبلی کی قیادت میں ایک وفد نے عائشہ نگر آگ متاثر بستی کا دورہ کیا۔ اور متاثرین کے بچوں کیلئے مکمل تعلیمی کٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ اس تعلق سے ایس آئی او کے نوجوان صدر محمد شبلی نے کہا کہ جس دن آتشزدگی کا یہ حادثہ پیش آیا، اسی دن ایس آئی او کی ٹیم نے بستی کا سروے کیا تھا اور تمام مراحل کو مکمل کرنے کے بعد 50 سے زائد طلباء کو مکمل تعلیمی کٹ فراہم کی گئی ہے۔