اکولا: ریاست مہاراشٹر میں اورنگ زیب سے متعلق تنازع تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اس دوران مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں کوئی بھی مسلمان اورنگ زیب کی اولاد نہیں ہے۔ اورنگ زیب اور ان کا خاندان باہر سے آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے قوم پرست مسلمان مغل بادشاہ کو اپنا رہنما نہیں مانتے۔ وہ صرف چھترپتی شیواجی مہاراج کا احترام کرتے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اورنگ زیب کے مقبرے پر پھول چڑھانے کے لیے ونچیت بہوجن اگھاڑی (وی بی اے) کے سربراہ پرکاش امبیڈکر کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ان سے پوچھا کہ ایسا کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ انہوں نے شیوسینا (یو بی ٹی) کے صدر ادھو ٹھاکرے سے پوچھا کہ کیا آپ نے ان کے اس اقدام کو منظور کیا ہے۔
مرکزی حکومت کے نو سال مکمل ہونے پر اکولا میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے فڑنویس نے کہا کہ سامبھاجی نگر، کولہاپور اور اکولا میں جو کچھ ہوا وہ اتفاق نہیں تھا، بلکہ ایک تجربہ تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اورنگ زیب کے ہمدرد ریاست میں کیسے آئے؟ انہوں نے کہا کہ اورنگزیب ہمارا رہنما کیسے ہو سکتے ہیں؟ ہمارے بادشاہ صرف چھترپتی شیواجی مہاراج ہیں۔ بھارت کے مسلمان اورنگ زیب کی اولاد نہیں ہیں، اورنگ زیب اور ان کے آباؤ اجداد کہاں سے آئے؟ انہوں نے کہا کہ ملک کے قوم پرست مسلمان ان کی حمایت نہیں کرتے اور وہ صرف چھترپتی شیواجی مہاراج کو اپنا رہنما مانتے ہیں۔