ممبئی: شیوسینا (ادھو ٹھاکرے گروپ) نے ہفتہ کے روز 'سامنا' اور 'دوپہر کا سامنا' میں تنقیدی اداریے لکھ کر سوال پوچھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پچھلے 10 برسوں میں کیا کیا؟ شیوسینا (یو بی ٹی) کا یہ اداریہ وزیر اعظم کے ذریعہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار کو نشانہ بنائے جانے کے ٹھیک دو دن بعد آیا ہے۔
مہاراشٹر کے سینئر لیڈر شرد پوار کے دفاع میں مہا وکاس اگھاڑی کی حلیف شیو سینا (یو بی ٹی) نے وزیر اعظم کے تبصرے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو اب شرد پوار کے بارے میں بالکل برعکس کہنے سے پہلے اپنے سابقہ تبصروں پر دھیان دینا چاہئے تھا۔
شیو سینا نے سامنا میں لکھا "مودی حکومت نے پوار کو زراعت اور سماجی شعبوں میں ان کے تعاون کے لیے پدم وبھوشن سے نوازا۔ 4-5 سال پہلے مودی نے پوار کے کام اور قائدانہ خصوصیات کی ستائش کی تھی کہ کس طرح انہوں نے مرکزی وزیر زراعت کے طور پر گجرات کی مدد کی تھی، اور وہ (مودی) شرد پوار کی انگلی پکڑ کر سیاست میں آئے تھے۔