ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں شیو سینا لیڈر اور رکن پالیمان سنجے راؤت کی قیادت میں آکروش مورچہ نکالا گیا۔ اس مورچے میں خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔ شیوسینا کے اقلیتی سیل کے عہدیداروں نے بھی پہلی مرتبہ شیو سینا کی عوامی ریلی میں شرکت کرکے اپنی موجودگی درج کروائی۔
شیوسینا لیڈر سنجے راؤت کی قیادت میں اورنگ آباد کے کرانتی چوک سے ایک عظیم الشان جن آکروش مورچہ نکالا گیا۔ جن آکروش ریلی کے ذریعے مہنگائی کے خلاف آواز اٹھائی گئی۔ اس موقع پر گیس سلینڈر اور مٹی کے چولہے کی علامتی ارتھیاں بھی نکالی گئیں۔ خواتین نے چولہے اپنے سروں پر رکھ کر مہنگائی کے خلاف آواز اٹھائی۔ پر ہجوم ریلی میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف عوام کی ناراضگی کی گونج دہلی تک سنائی دے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس ریلی میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ عوام میں برہمی ہے، مہنگائی اور بے روزگاری ہی اصل موضوع ہے۔ جب عوام مشتعل ہوتی ہیں تو اس کی آواز دہلی تک پہنچ کر رہتی ہے ۔
شیوسینا کی اس آکروش ریلی میں پہلی مرتبہ اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے شیوسینا اقلیتی سیل کے عہدیداران نے بھی حصہ لیا، تاہم اس موقع پر شیوسینا کے یہ مسلم کارکنان شیوسینا کی مسلم دوستی کا دم بھرتے اور اس پارٹی کو کلین چٹ دینے میں مصروف نظر آئیں ۔
بڑھتی مہنگائی کے خلاف شیو سینا کا آکروش مورچہ احتجاج کے دوران اقلیتی طبقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے خلاف ہم شیوسینا کے ساتھ ہیں اور شیوسینا نے کبھی بھی مذہب کو لے کر امتیازی سلوک نہیں اپنایا۔ آئندہ وقت میں ہم شیو سینا کی طاقت کو مسلم طبقہ میں بڑھانے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کریں گے۔
شیو سینا کی جن آکروش ریلی کرانتی چوک سے نکل کر گلمنڈی علاقے میں ایک جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ اس موقع پر شیو سینا لیڈروں نے اپنی تقریروں میں مودی حکومت کی پالیسیوں پر شدید نکتہ چینی کی اور مودی حکومت کو عوام مخالف قرار دیا۔ میونسپل کارپوریشن چناؤ سے قبل شیوسینا کے جن آکروش ریلی کو طاقت کے مظاہرے کے طور پر بھی دیکھا جارہا ہے ۔
واضح رہے کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خوردنی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اکتوبر میں خوردہ افراط زر 4.48 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) پر مبنی افراط زر ستمبر میں 4.35 فیصد اور اکتوبر 2020 میں 7.61 فیصد تھی۔ قومی شماریاتی دفتر (این ایس او) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، خوردنی افراط زر اکتوبر میں بڑھ کر 0.85 فیصد ہو گئی جو ستمبر مہینے میں 0.68 فیصد تھی۔
مزید پڑھیں:اورنگ آباد: این سی پی کارکنان نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا