پوار خاندان میں جاری کشمکش اور ای ڈی کے ذریعہ شرد پوار کے خلاف درج ایف آئی آر نیز ای ڈی کے ذریعہ شرد پوار کے تعلق سے یوٹرن اور اجیت پوار کا ایم ایل اے کے عہدہ سے استعفیٰ جیسے معاملوں پر شیو سینا کے ترجمان اور رکن پارلیمان سنجے راؤت نے شرد پوار کی رہائش گاہ پر جا کر ان سے ملاقات کی۔
شرد پوار اور سنجے راؤت کی بند کمرے میں 15 منٹ کی اس ملاقات کو سیاسی عینک سے دیکھا جا رہا ہے کیونکہ اسمبلی انتخابات کا بگل بج چکا ہے ایسے میں سنجے راؤت کا این سی پی سربراہ سے ملنا سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گیا ہے۔
قیاس لگایا جا رہا ہے کہ سنجے راؤت شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کا کوئی پیغام لے کر گئے ہوں گے لیکن سنجے راؤت نے اس ضمن میں صرف اتنا کہا کہ ان کا پوار صاحب سے پرانا تعلق ہے اس لیے ان کی خیریت جاننے کے لیے چلا آیا۔ لیکن سیاسی حلقوں میں اس ملاقات کو کافی اہمیت دی جا رہی ہے اس لیے کہ ابھی شیو سینا۔بی جے پی کے درمیان انتخابی سمجھوتہ نہیں ہو سکا ہے۔
اسی طرح دادر کے رنگ شاردا ہال میں شیو سینا کے رکن اسمبلی اور پارٹی رہنماؤں کی ایک اہم میٹنگ تھی جس میں ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ بالا صاحب ٹھاکرے نے اپنے آخری وقت میں میرا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لے کر کہا تھا کہ مہاراشٹر شیوسینا کا وزیراعلیٰ ضرور بنانا۔