ممبئی: مہاراشٹر کی قانون ساز کونسل کی رکن ڈاکٹر منیشا کایندے کو شیوسینا (اُدھو بالا صاحب ٹھاکرے) چھوڑ کر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے دھڑے میں شامل ہونے کے بعد شیوسینا کا سکریٹری اور پارٹی ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے پیر کو ٹویٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا ’’شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کی رہنما اور ایم ایل سی ڈاکٹر منیشا شیام سندر کایندے کو باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل ہونے کے بعد شیوسینا سکریٹری اور پارٹی ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔‘‘ شندے نے کہا کہ شیوسینا کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو پارٹی سکریٹری کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محترمہ کایندے پارٹی کی توسیع اور خواتین کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا تعاون دیں گی۔
واضح رہے کہ شیوسینا کے دونوں گروپ آج الگ الگ پارٹی کا 57 واں یوم تاسیس منا رہے ہیں۔ منیشا کایندے نے کہا کہ آج کا دن میرے لیے بڑے اعزاز کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج میں اس پارٹی میں شامل ہو رہی ہوں جو اصل شیوسینا ہے۔ کایندے نے کہا کہ ایک سال کے اندر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے انہیں کام کے ساتھ جواب دیا ہے۔ میں یہاں اس لیے ہوں کیونکہ بالا صاحب کی شیوسینا یہاں ہے۔ کچھ دن پہلے یہ قیاس کیا جا رہا تھا کہ کایندے شندے گروپ میں شامل ہو جائیں گے۔ آخر کار وہ شیو سینا شندے کے گروپ میں شامل ہو گئیں۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات کے پس منظر میں پارٹی کی اس انٹری کو خاصا اہم قرار دیا جا رہا ہے۔