اردو

urdu

ETV Bharat / state

شرد پوار کی رہنمائی میں عید الضحیٰ سے متعلق میٹنگ - انل دیشمکھ

عیدالاضحی کی گائیڈ لائن سے مسلمانوں کی ناراضگی پر شردپوار کی قیادت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ لی گئی جس میں سہولتیں و رعایتیں ملنے کا تیقن دلایا گیا کہ جلد ہی نئی گائیڈ لائن جاری ہوں گی۔

sharad pawar
sharad pawar

By

Published : Jul 28, 2020, 12:35 PM IST

عیدالاضحی کے موقع پر مہاراشٹر حکومت کی جانب سے جاری گائیڈ لائن سے ریاست کے مسلمانوں کی ناراضگی اور بے چینی سے متعلق راشٹر وادی کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے اس معاملے میں مداخلت کی۔

شرد پوار کی قیادت میں ریاستی وزراء، مسلم اراکین اسمبلی، مسلم لیڈران و اعلیٰ سرکاری افسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کا انعقادعمل میں آیا جس میں قربانی کے معاملے میں نئی سہولیات اور نئی رعایتیں دینے کے فیصلے کے ساتھ ساتھ شکایتوں کافوراً ازالہ بھی کیا گیا اور ایک نئی گائیڈ لائن جلد ہی جاری کئےجانے کاتیقن دیا گیا۔

ممبئی کے وائی بی چوان سینٹر میں منعقدہ میٹنگ میں شرد پوارکے علاوہ ریاست وزیر داخلہ انل دیشمکھ، وزیر محصول بالاصاحب تھورات، وزیر برائے اقلیتی بہبود نواب ملک، مسلم اراکین اسمبلی ابوعاصم اعظمی، امین پٹیل، رئیس شیخ، ذیشان صدیقی اور سابق وزراء محمد عارف نسیم خان، باباصدیقی، چیف سکریٹری سنجے کمار،میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل، ایڈیشنل چیف سکریٹری برائے داخلہ کنٹے، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سُبودھ کمار جیسوال، ممبئی پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر مسلم لیڈران نے حکومت کی جانب سے جاری گائیڈ لائن پر مختلف اعتراضات اٹھائے اور کہا کہ وزارت داخلہ نے عیدالاضحیٰ کے تعلق سے جو احکامات جاری کئے ہیں وہ مسلمانوں کو قابل قبول نہیں ہیں اور اس سے انہیں اپنے مذہبی فریضے کو ادا کرنے میں مختلف دقتوں کاسامنا کرنا پڑر ہا ہے۔

عید الضحیٰ سے متعلق میٹنگ

سماج وادی پارٹی کے اراکین اسمبلی ابوعاصم اعظمی اور رئیس شیخ نے شکایت کی کہ حکومت نے آن لائن بکروں کی خرید کی اجازت تودے دی ہے لیکن جب اندرون ریاست سے ہی بکروں کے ٹرک ممبئی اور اس کے متصلہ علاقوں میں آرہے ہیں تب ممبئی کے سرحدی علاقے پڑگھا، ملنڈ، دہیسر، ناسک اور دیگر مقامات پر قربانی کے جانوروں کے ٹرکوں کو روکا جا رہا ہے اور انہیں ممبئی میں لائےجانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی شکایت کی کہ حکومت نے قربانی کے تعلق سے اب تک کوئی احکامات جاری نہیں کئے ہیں اور یہ بھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ قربانی کن مقامات پر ادا کی جاسکتی ہے اور رہائشی سوسائیٹیز میں قربانی کرنے کی اجازت ہوگی یا نہیں؟

ابوعاصم اعظمی اور رئیس شیخ نے مسلمانوں کو عید قرباں میں مکمل رعایت فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ ممبئی سمیت ریاست بھر میں سوسائیٹیز سمیت گھروں میں قربانی کی اجازت روایت کے مطابق فراہم کی جائے اگر کوئی اس میں رخنہ اندازی کرتا ہے تو ا س پر کارروائی کی جائے۔

حکومت کی گائیڈ لائن پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ابوعاصم اعظمی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'لاک ڈاؤن اور کرونا وائرس کی آڑ میں قربانی کے عمل کو مشکل بنا کر پیش کیا جا رہا ہے لہذاحکومت فوری طور پر نئی گائیڈ لائن جاری کرے۔

ابو عاصم اعظمی مزید کہا کہ ریاست میں کورونا وبا کے باوجود بھی تمام بازار جاری ہیں اور سبزی منڈی میں مال اور سامان لایا جارہا ہے تو پھر عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کو لائے جانے سے کیوں روکا جا رہا ہے اور جانوروں کی منڈی لگانے میں کیا قباحت ہے؟

سابق وزیر محمد عارف نسیم خان نے اس موقع پر اعلیٰ افسران اور حکومت کے عہدیداران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن بکرا خریداری کس کے دماغ کی اُپج ہے اور کیا یہ ممکن ہے؟ کیوں کہ مذہب اسلام میں قربانی کے جانوروں کو دیکھ کر کہ وہ بے عیب ہے یا نہیں اس کے بعد ہی اس کی قربانی کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے جو آن لائن خریداری میں ممکن نہیں ہے۔

نسیم خان نے مطالبہ کیا کہ ممبئی سمیت ریاست کی تمام میونسپل کارپوریشن اور بلدیاتی اداروں کی حدود میں چھوٹے اور بڑے جانوروں کی قربانی کے انتظامات کئے جائیں۔

اس موقع پر اراکین اسمبلی امین پٹیل، ذیشان صدیقی، سابق رکن اسمبلی بابا صدیقی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات پیش کئے اور حکومت کی گائیڈ لائن سے ہونے والی دقتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے نئی گائیڈ لائن سابقہ روایت کے مطابق تیار کئے جانے کا مطالبہ کیا اور یقین دلایا کہ سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے مسلمان اپنے اس مذہبی فریضے کو ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

شرد پوارنے اس موقع پر لیڈران اور اعلیٰ افسران کی باتوں کو غور سے سننے کے بعد وزیر داخلہ و دیگر افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس ضمن میں جلد از جلد ایسی گائیڈ لائین جاری کریں جو مسلمانوں کے لیے قابل قبول ہو اور کورونا وائرس کی اس وبا کے تعلق سے کئے جانے والے احتیاطی اقدامات بھی اس میں شامل ہو۔

شردپوار سمیت وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے بھی قربانی کے جانوروں کے ٹرکوں کو روکے جانے پر ناراضگی کااظہار کیا اور افسران کو ہدایت جاری کی کہ اندرون ریاست جب آمد و رفت کے ذرائع جاری ہیں تو پھر ان جانوروں کو بھی ممبئی اور متعلقہ مقامات پر روانہ کئے جانے میں آنے والی تمام دشواریوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق نئی گائیڈ لائن میں ہاؤسنگ سوسائیٹیز میں بھی قربانی کی اجازت ملنا متوقع ہے اور بیرون ممبئی بڑے جانوروں کی بھی قربانی کی اجازت دیئے جانے کے تعلق سے غور کیا جارہا ہے لیکن حکومت اپنی مشروط اجازت میں یہ ہدایات جاری کرے گی کہ قربانی کے وقت صرف محدود افراد ہی موجود رہ سکتے ہیں اور صاف صفائی کا خیال رکھتے ہوئے قربانی کے بعد جراثیم کش دواؤں کا بھی چھڑکاؤ ضروری قرار دیا جائے گا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details