ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سپریمو شرد پوار نے 5 مئی بروز جمعہ کو پارٹی سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ واپس لے لیا۔ دراصل پارٹی کے سینیئر لیڈروں کی ایک کمیٹی نے ان کے استعفیٰ کو مسترد کرنے کی قرارداد منظور کی۔ وہیں اس موقع پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سپریمو شرد پوار نے کہا کہ میرے استعفیٰ کے فیصلے نے میرے حامیوں میں بے چینی پیدا کردی۔ انہوں نے مجھ پر زور دیا کہ میں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کروں۔
شرد پوار نے میڈیا کو ایک بیان میں کہا کہ میرے خیر خواہ اور پارٹی کارکنان مجھ سے محبت کرتے ہیں اور مجھ پر بھروسہ کرتے ہیں۔ انہوں نے مجھ سے اپنا فیصلہ واپس لینے پر زور دیا۔ انہوں نے مجھے پارٹی سربراہ کی حیثیت سے اپنا کردار دوبارہ شروع کرنے کو کہا۔ میرے حامی اور ووٹرز اتنے سالوں سے میرے ساتھ ہیں، اس لیے میں ان کے جذبات کو مسترد نہیں کر سکتا۔ میں ان کے محبت اور اعتماد سے خوش ہوں۔ اپنے عہدے سے ریٹائر ہونے کے فیصلے کو واپس لے رہا ہوں۔