ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار نے سیاسی بحران کے درمیان آج دہلی میں پارٹی کی قومی ایگزیکٹو کی میٹنگ بلائی ہے۔ اجلاس میں ملک کے مختلف حصوں سے پارٹی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔ مہاراشٹر میں پارٹی ٹوٹنے کے بعد شرد پوار اس میٹنگ کے ذریعے این سی پی رہنماوں کو متحد کرنے کی کوشش کریں گے۔ بتادیں اجیت پوار نے این سی پی پر قبضہ کرنے کے لیے پہلے مرحلے میں برتری حاصل کی ہے۔ 2 جولائی کو این سی پی کی تقسیم کے بعد دونوں خیموں نے بدھ کو اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے الگ الگ میٹنگیں کیں۔ اجیت پوار کی میٹنگ میں این سی پی کے کل 53 میں سے 32 ایم ایل ایز نے شرکت کی۔ اسی وقت شرد پوار کی میٹنگ میں 16 ایم ایل ایز، تین لیجسلیٹیو کونسل ممبران اور چار ممبران پارلیمان نے شرکت کی۔ دونوں خیمے پارٹی اور انتخابی نشان پر دعوے کے حوالے سے الیکشن کمیشن پہنچے۔ اجیت پوار کے خیمے نے اپنی حمایت میں 40 سے زیادہ ایم ایل اے اور ایم پی کے حلف نامے دیے ہیں۔
وزیر چھگن بھجبل نے کہا کہ قانون ساز کونسل کے کئی ارکان نے انکے حق میں حلف نامہ دیا ہے۔ باندرہ کے ایم ای ٹی انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کچھ ایم ایل اے شہر سے باہر ہونے کی وجہ سے نہیں پہنچ سکے۔ دوسری طرف جنوبی ممبئی کے یشونت راؤ چوہان پرتشتھان میں منعقدہ میٹنگ میں شرد پوار نے اجیت پر تنقید کی۔ دوسری طرف اجیت نے بالواسطہ دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اب تک ذلت برداشت کی ہے۔ اگر وہ (شرد پوار) مہاراشٹر کا دورہ کرتے ہیں تو میں بھی ایسا کروں گا اور مناسب جواب دوں گا۔