ممبئی:ممبئی-گوا ہائی وے پر جمعرات کی صبح ایک سڑک حادثے میں 9 لوگوں کی موت ہو گئی۔ یہ خوفناک سڑک حادثہ ممبئی-گوا ہائی وے پر منگاؤں کے قریب صبح 4.45 بجے پیش آیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ سومناتھ کھڑگے نے بتایا کہ متاثرین وین میں رتناگیری ضلع کے گوہاگر جا رہے تھے، تبھی ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی اور یہ حادثہ پیش آیا۔
تصادم اتنا زوردار تھا کہ کار کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں بیٹھے مسافروں نے دم توڑ دیا۔ رائے گڑھ ضلع کے ایس پی سومناتھ کھڑگے نے بتایا کہ اس حادثے میں 5 مرد، 3 خواتین اور ایک لڑکی سمیت 9 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ فی الحال پولیس افسر نے بتایا کہ ایک چھوٹا لڑکا زخمی ہے، جسے علاج کے لیے منگاؤں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بھیجا گیا ہے۔ ہائی وے پر ٹریفک اب بحال کر دی گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔