اورنگ آباد میں کورونا Corona Virus In Aurangabad کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔ مہاراشٹر میں 24 جنوری سے تمام اسکولوں کو کھول دیا جائے گا، اس طرح کا فیصلہ ریاستی کابینہ میں لیا گیا ہے، لیکن اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے ایڈ منسٹریٹر آستک کمار پانڈے نے اورنگ آباد شہر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کو دیکھتے ہوئے ایک ہفتے تک اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں پانڈے کا کہنا ہے کہ شہر میں کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں تاہم مریضوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔ ایسے حالات میں اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کی اجازت دینا بچوں کی صحت کے لحاظ سے مناسب نہیں اس لیے ایک ہفتے تک جائزہ لیا جائے گا اور ایک ہفتے کے بعد مستقبل میں کیا کرنا ہے اس کا فیصلہ کیا جائے گا۔