ممبئی: راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ اور شیوسینا (یو بی ٹی) کے سینئر لیڈر سنجے راوت نے بدھ کے روز بی جے پی کو چیلنج کیا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو وہ ریاست میں انتخابات کرائیں اور انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اپنی بنیاد کھو رہی ہے۔ سنجے راوت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی جے پی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ اس وقت رائے عامہ بی جے پی کے خلاف جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم وی اے ریاستی اسمبلی میں 185 سیٹیں اور مہاراشٹر میں 40 سے زیادہ لوک سبھا سیٹیں جیتے گا۔ مہاراشٹر بھوشن ایوارڈ تقریب کے دوران حالیہ کھارگھر واقعہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے (جس میں ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے 13 لوگوں کی موت ہو گئی تھی) سنجے راوت نے مطالبہ کیا کہ شندے حکومت اور منتظمین کے خلاف غیر ارادی قتل کا معاملہ درج کیا جانا چاہیے اور الزام لگایا کہ اس واقعے میں مرنے والوں کی اصل تعداد کو چھپایا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ این سی پی میں جاری بحث کے لئے وہ ذمہ دار نہیں ہیں۔ سنجے راوت نے یہ بھی کہا کہ مغربی بنگال، بہار اور مہاراشٹر میں بی جے پی حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، "میں ایم وی اے اتحاد کو مضبوط بنانے کی وکالت کرتا رہوں گا۔" واضح رہے کہ سنجے راوت نے پلوامہ حملے کو لے کر بھی مرکزی حکومت پر تنقید کی۔ بتا دیں کہ جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے ایک نیوز ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے پلوامہ حملے کے لیے براہ راست مودی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انہیں اس معاملے پر خاموش رہنے کو کہا گیا تھا۔