ممبئی:بی جے پی کو کرناٹک اسمبلی انتخابات میں جہاں ایک طرف شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے دوسری طرف کانگریس نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سلسلے میں سنجے راوت نے ناسک میں میڈیا کو بتایا کہ جے پی نڈا کرناٹک میں اپنی پارٹی کے لئے انتخابی مہم چلانے میں مصروف رہے لیکن ان کی پارٹی ہار گئی۔ اب وہ مہاراشٹر آئے ہیں۔ ہم ان کا استقبال کرتے ہیں۔ وہ جہاں جاتے ہیں وہاں بی جے پی ہار جاتی ہے۔
نڈا آج سے مہاراشٹر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔اس کے دوران وہ ریاستی بی جے پی لیڈروں سے ملاقات کریں گے۔ مہاراشٹر اسمبلی کے انتخابات اگلے برس ہونے والے ہیں۔ ریاستی اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر کو نشانہ بناتے ہوئے راوت نے دعویٰ کیا کہ پارٹیاں بدلنا ان کا مشغلہ اور پیشہ بھی ہے ریاست میں ایسی کوئی جماعت نہیں جس کے وہ رکن نہ تھے۔ گزشتہ برس مہاراشٹر میں مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت کے خاتمے کا سبب بننے والے شیو سینا تنازعہ پر اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے 11 مئی کو کہا کہ وہ اس وقت کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو بحال نہیں کر سکتی کیونکہ انہوں نے اعتماد کے ووٹ کا سامنا کئے بغیر استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔