ممبئی: منشیات کے معاملے میں شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو گرفتار کرنے والے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے سابق افسر سمیر وانکھیڑے کے بارے میں نئے انکشافات ہو رہے ہیں۔ نئی جانکاری کے مطابق سمیر وانکھیڑے نے اپنے خاندان کے ساتھ کئی غیر ملکی دورے کیے تھے۔ اس کے علاوہ وہ آمدنی سے زیادہ اثاثوں کے مالک ہیں۔ ممبئی میں ان کے نام پر چار فلیٹ اور مہنگی رولیکس گھڑیاں ہیں۔ این سی بی نے سمیر وانکھیڑے کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں یہ سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔
این سی بی کے ویجیلنس ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق این سی بی کے ممبئی زون کے سابق ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے اور ان کی اہلیہ کی سالانہ آمدنی تقریباً 22.75 لاکھ روپے ہے، لیکن ان کے پاس چار فلیٹ، پلاٹ اور مہنگی گھڑیاں ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے ایک گھڑی کی قیمت 22 لاکھ روپے ہے جو کہ سونے کی ہے، تاہم متعلقہ محکمے کو اس کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اس کے علاوہ ممبئی میں چار فلیٹ اور واشیم میں 41,688 ایکڑ زمین ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وانکھیڑے طویل چھٹیوں پر بیرون ملک جاتے تھے۔ 2017 سے 2021 تک سمیر وانکھیڑے نے اپنے خاندان کے ساتھ 6 غیر ملکی دورے کیے۔ وہ برطانیہ، آئرلینڈ، پرتگال، جنوبی افریقہ اور مالدیپ گئے۔ اُنہوں نے یہاں 55 دن گزارے لیکن سمیر کا دعویٰ ہے کہ اُنہوں نے صرف 8.75 لاکھ روپے خرچ کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جمال الدین جن کا گھڑی کا کاروبار تھا وہ زیادہ تر اخراجات برداشت کر رہا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک اور مشکوک لین دین ہے جہاں وانکھیڑے نے جمال کو 7.40 لاکھ روپے میں چار گھڑیاں فروخت کیں۔ یہ وانکھیڑے کی بیوی کرانتی ریڈکر کو ادا کیا گیا تھا، اس کی تفتیش جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان مہنگی گھڑیوں کی خریداری کا طریقہ مشکوک ہے۔ یہ بھی شک ہے کہ وانکھیڑے کو بیچی گئی گھڑیوں کی فوری ادائیگی کیسے ہوئی (نامعلوم خریداروں کو) اور اُنہیں 22 لاکھ روپے کی نئی گھڑی خریدنے کے لیے کریڈٹ کی سہولت کیسے حاصل ہوئی۔