ممبئی: آرین خان منشیات کیس میں اب ممبئی نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے سابق زونل ڈائیریکٹر سمیر وانکھیڑے کی مشکلات میں اضافہ ہوتا نظر آرہا ہے۔ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے آریان خان منشیات ضبطی کیس میں سمیر وانکھیڑے کے خلاف درج ایف آئی آر میں الزام لگایا ہے کہ اُنہوں نے اپنے غیر ملکی دوروں اور مہنگی گھڑیاں خریدنے کی جانکاری چھپائی تھی۔ سی بی آئی کی جانب سے ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے اسے فارنسک لیب بھیجا گیا ہے۔ اس کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم خصوصی طور پر تشکیل دی گئی ہے۔ سی بی آئی نے اپنی ایف آئی آر میں سمیر وانکھیڑے کے خلاف چونکا دینے والے الزامات لگائے ہیں۔
سی بی آئی کی ایف آئی آر میں سمیر وانکھیڑے پر الزام ہے کہ انہوں مہنگی گھڑیوں کی خرید و فروخت کو چھپانے کے علاوہ انہوں مبینہ طور پر اپنے غیر ملکی دوروں کے دوران ہونے والے اخراجات کی تفصیلات بھی چھپائی ہے۔ سی بی آئی نے کہا کہ کروز پر پکڑے گئے کچھ لوگوں کو چھوڑ دیا گیا جب کہ آرین خان کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس میں یہ بھی بتایا گیا کہ آرین خان کی گرفتاری کے ذمہ دار کے پی گوسوامی تھے۔ اسے اس طرح پیش کیا گیا کہ وہ NCB(این سی بی) کا افسر معلوم ہوتا ہے۔