ممبئی: ملک میں فرقہ پرستی اور ہجومی تشدد سمیت مذہبی رہنماؤں کی شان میں گستاخی کے خلاف آج ممبئی میونسپل کارپوریشن کے سامنے سماجوادی پارٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور فرقہ پرستی ختم کرو، مذہبی رہنماؤں کی شان میں گستاخی بند کرو کے نعرے لگائے گئے۔
اس موقع پر بی ایم سی ہیڈ کوارٹر کے سیلفی پوائنٹ پر احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر سماجوادی پارٹی کے رہنما ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ فرقہ پرستی اس ملک کے لئے خطرہ ہے اس لئے اس پر پابندی عائد کی جانی چاہئے، مذہبی رہنماؤں کے خلاف بدزبانی اور گستاخی کا سلسلہ بند کیا جائے اگر یہ سلسلہ بند نہیں ہوا تو ملک میں فرقہ وارانہ تشدد کے ساتھ حالات خراب ہونے کا خطرہ ہے،
انہوں نے کہا کہ آج ہندوؤں اور مسلمانوں میں نفرت پیدا کر کے اشتعال انگیز نعرہ بازی کی جارہی ہے، دلی کے جنتر منتر میں جو ہنگامہ آرائی کی گئی وہ سب کے سامنے ہے، ہندوؤں اور مسلمانوں کو مشتعل کرکے اس ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو پارہ پارہ کر نے کی کوششیں جاری ہے اس لئے یہ تمام سلسلہ ختم ہونا چاہئے۔