ممبئی:۔ممبئی میں ہونے والے مہاراشٹر کےمانسون اجلاس کےپانچویں دن حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے اراکین ایک دوسرے خلاف نعرے بازی،ہاتھاپائی سے بھگدڑ مچ گئی۔تفصیلات کے مطابق اسمبلی اجلاس کے شروع ہونے سے پہلے ہی اسمبلی کے سیڑھیوں پر بیٹھ کر اپوزیشن کے اراکین حکمراں جماعت کےخلاف نعرے بازی کررہے تھے ۔اسی دوران این سی پی كے ایم ایل سی امول مٹکری اور باغی شیوسینا کے رکن اسمبلی مہیش شندے کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہوگئی ۔
اپوزیشن ایکناتھ شندے سینااور برسراقتدار بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے سخت نعرے بازی کر رہے تھے۔دونوں جانب سے بیک وقت نعرے بازی اور احتجاج کے دوران صورتحال کوبے قابوہوتے دیکھ کرسیکورٹی اہلکاروں نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں فریقین کو سمجھا بجھا کرالگ کرنے کی کوششیں کیں۔اجلاس شروع ہونے سے پہلے جب اراکین اسمبلی ودھان بھون کی جانب آرہے تھےتب ہی اپوزیشن نے حکومت کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے’’دھوکے باز آگئے‘‘،’’ غدار آگئے‘‘، ’’50؍کھوکے، سب اوکے‘‘ جیسے نعرے بلند کرنے لگے۔