ناگپور سے ممبئی جانے والے سمردھی شاہراہ کا افتتاح ریاست کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں کیا گیا، سمردھی شاہراہ ناگپور سے شردی تک فی الحال شروع کیا گیا ہے لیکن دیکھنے میں آرہا ہے کہ اس شاہراہ پر کئی سارے حادثات ہو رہے ہیں۔
آر ٹی او افسران کا کہنا ہے کہ سمردھی شاہراہ پر پرانے فور وہیلر بھی 120 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ کی رفتار سے دوڑ رہے ہیں، پرانی گاڑیوں کو اتنی تیز رفتاری سے چلانے سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اس لیے رفتار کو کنٹرول کرنا چاہیے اس کے ساتھ ٹائر گرم ہونے کے بعد پھٹنے کا بھی خدشہ ہے ایسی صورت حال میں ٹائر میں نائٹروجن گیس بھرنا فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے، اس طرح کا مشاہدہ آر ٹی او حکام نے کیا ہے۔
سمردھی شاہراہ سفر کو تیز کر رہی ہے تاہم اس سڑک پر حادثات کے واقعات تشویشناک ہوتے جارہے ہیں۔ آرٹی او آفس کے افسران نے حال ہی میں سمردھی ہائی وے کا معائنہ کیا، سیکورٹی کے نقطہ نظر سے اس شاہراہ پر تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ڈرائیوروں کی غلطی کی وجہ سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے آر ٹی او حکام نے گاڑی چلانے والوں کو ہائی وے پر سفر کرتے وقت محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔