ریاست مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں گزشتہ دنوں منماڑ روڈ پر واقع راجستھان ہوٹل میں ایک قتل کا معاملہ پیش آیا تھا، موصولہ اطلاعات کے مطابق اس ہوٹل میں چوری کے مقصد سے آئے چوروں نے ایک ٹرک کلینر کو زخمی کردیا تھا اور وہاں ڈیوٹی پر تعینات چوکیدار کا قتل کردیا تھا۔
اس معاملے میں قلعہ پولیس اسٹیشن میں رادھا بائی کرشنا سونو ساکن چندنپوری نے مقدمہ درج کروایا تھا، اپنی شکایت میں انہوں نے بتایا تھا کہ 7 دسمبر 2020 کی رات ڈیڑھ بجے سے ڈھائی بجے کے درمیان مالیگاؤں منماڑ روڈ پر واقع راجستھان ہوٹل پر چار نامعلوم افراد چوری کے مقصد سے ہوٹل میں آئے تھے اور قتل کی واردات کو انجام دیا تھا۔
یہ پورا واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے ریکارڈ ہو گیا، سی سی ٹی وی کے مطابق ٹرک نمبر UP 83 AT 6847 کے کلینر نانک کمار کیلاسی جارو جو اترپردیش کا رہائشی ہے اس پر چوروں نے چاقوں سے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا۔
اس درمیان موقعے پر موجود راجستھان ہوٹل کے چوکیدار کرشنا چیترام سونونے چوروں کی مخالفت کی تو چوروں نے ان کے پیٹ اور جسم کے دیگر حصوں پر چاقوں سے حملہ کر انھیں قتل کردیا، قلعہ پولیس نے رادھا بائی کی شکایت پر چار نامعلوم چوروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی تھی۔
اس قتل کے معاملے میں شامل نامعلوم ملزمین کی تلاش کے لئے محکمہ پولس نے شہر کے سبھی پولس اسٹیشن کی حدود میں رہائش جرائم پیشہ افراد سے پوچھ گچھ اور سرچ آپریشن شروع کردیا، اور چند گھنٹوں میں ہی اس قتل میں شامل چار ملزم محمّد یوسف، محمّد یعقوب عرف یوسف بھوریا، ابوذر افتخار احمد، نظیر احمد نصیر احمد اور ریحان احمد نہال احمد نامی افراد کو گرفتار کر مقامی عدالت میں پیش کیا تھا، جہاں عدالت نے ان چاروں ملزمین کو 14 دسمبر تک پولیس حراست میں بھیج دیا، ان سبھی ملزمین کو آج دوبارہ مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔