فحاشی فلم کیس میں ملوث بزنس مین راج کندرا اور ریان تھارپے کو عدالت نے 14 دنوں کے لئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ منگل کے روز 27 جولائی کو دونوں ملزمین کا پولیس ریمانڈ ختم ہورہا تھا۔
راج کندرا کو جب سے فحش ویڈیو بنانے کے الزام میں ممبئی پولیس نے گرفتار کیا ہے، تب سے اس معاملے میں ہر روز نئے نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں۔ راج اور ان کے ساتھ 11 ملزمین کو جمعہ تک تحویل میں رکھا گیا تھا جس کے بعد اس تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔
ممبئی کرائم برانچ اور ایجنسی پوری طرح سے اس معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ اس معاملے میں چار نئے گواہ بھی سامنے آئے ہیں۔
اے این آئی کے مطابق، تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ اس معاملے میں جو چار نئے گواہ سامنے آئے ہیں وہ راج کندرا کی کمپنی میں ملازم کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔ ایسی صورتحال میں ان کے بیانات کافی اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔
حال ہی میں ممبئی کے جوائنٹ کمشنر آف پولیس (کرائم) ملند بھارمبے سے ایک پریس کانفرنس میں راج کندرا کے کاروبار میں شیلپا شیٹی کے ملوث ہونے کے بارے میں پوچھا گیا، تو انہوں نے کہا کہ اداکارہ کا اس میں کوئی کردار نہیں ملا ہے، لیکن اس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔