کورونا وائرس مہاراشٹر سمیت ملک کے دیگر حصوں میں اپنے اثرات دکھا رہا ہے۔
برطانیہ سے کورونا کی دوسری لہر ظاہر ہونے کے بعد ریاست میں حفظ ماتقدم کے طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔
اس سلسلے میں وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے اپنی سرکاری رہائش گاہ ورشا پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہونے والی میٹنگ میں کورونا ویکسین کا جائزہ لینے کے دوران کہا کہ بیرون ملک سے مہاراشٹر میں آنے والے مسافروں کو قرنطین کرنے کا عمل جاری رکھا جائے۔
انہوں نے اس طرح کی ہدایت چیف سکریٹری کو دیتے ہوئے ایجنسیوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ برطانیہ سے واپس آنے والے مہاراشٹر کے 8 مسافروں میں پائے جانے والے نئے کورونا کی علامات کے پیش نظر زیادہ محتاط رہیں۔
اس موقع پر وزیر صحت راجیش ٹوپے اور ٹاسک فورس کے ڈائریکٹر ششانک جوشی بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شامل تھے۔ مرکزی حکومت سے موصول ہونے والی کورونا ویکسین کا عمل اب شروع ہوگا۔
اس سلسلے میں ہونے والی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ براہ راست برطانیہ سے ممبئی آنے والے مسافروں کو اصول کے مطابق قرنطینہ کے لئے ایئرپورٹ بھیج دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے یہ بھی مشاہدہ کیا گیا ہے کہ مسافر دوسری ریاستوں کے ہوائی اڈوں پر لینڈنگ کے ذریعے مہاراشٹر پہنچ جاتے ہیں۔ اس کی وجہ سے ان کا پتہ لگانامشکل ہوجاتا ہے۔
مرکزی حکومت کو ان ایئرپورٹ سے بیرون ملک سفر کرنے والوں کو قرنطین کرنا چاہئے۔