ریاست مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد میں آج سے تیس سال قبل اختر الزماں ناصر ارود لائبریری کا قیام عمل میں آیا تھا ۔اس اردو لائبریری میں کئی سارے نامور شخصیات نے ادبی نشستیں منعقد کیں، لیکن آج اس لائبریری کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے۔لائبریری کی ناگفتہ بہ صورتحال کو لے کر جن جاگرن سمیتی کے صدر محسن احمد اور مذکورہ لائبریری لائف ٹائم ممبران نے مشترکہ طور پر احتجاج کیا۔احتجاج کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اگر لائبریری کے صورتحال کی جانب متعلقہ محکمہ کی جانب سے توجہ نہیں دی گئی تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ اس لائبریری میں بیش قیمتی کتابیں موجود ہیں۔اس کے باوجود اہل علم اس لائبریری میں آکر مطالعہ نہیں کر تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل علم یہاں اس لئے نہیں آتے ہیں کیونکہ اس لائبریری میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ احتجاج کرنے والوں نے میونسپل کمشنر سے مطالبہ کیا کہ اس لائبریری میں بنیادی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں، یہاں مطالعہ کے لئے کتابیںدینے کے لیے کوئی کلرک موجود نہیں ہے۔ لہذا کلرک کا فوراً انتظام کیا جانا چاہیے۔اس کے علاوہ لائبریری کے نام کا بورڈ بھی نصب کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قارئین و شائقین کو لائبریری کی جگہ کا علم ہو اور یہاں موجود کتابوں سے وہ استفادہ حاصل کر سکیں۔