ممبئی: ممبئی کے قریب جے پور ممبئی ایکسپریس ٹرین میں ریلوے پروٹیکشن فورس (RPF) کے کانسٹیبل کی فائرنگ میں ہلاک ہونے والے تین مسلم مسافروں میں سے ایک اصغر عباس شیخ کے رشتہ داروں نے لاش کو قبول کرنے سے انکار کردیا اور شام کو یہاں ایک اسپتال کے باہر احتجاج کیا۔ اصغر شیخ کے چھوٹے بھائی محمد امان اللہ شیخ نے کہا کہ ان کے اہل خانہ اس وقت تک لاش قبول نہیں کریں گے جب تک ریلوے معاوضے کا اعلان نہیں کرتا، لاش کو جے پور لے جانے کا انتظام نہیں کرتا اور خاندان کے ایک فرد کو نوکری کی یقین دہانی نہیں کراتا۔
محمد امان اللہ شیخ نے کہا کہ ان کے بھائی کی لاش کو میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام شتابدی اسپتال کاندیولی سے وسطی ممبئی کے جے جے اسپتال لے جایا گیا ہے اور ان کا خاندان یہی احتجاج جاری رکھے گا۔ شیخ نے کہا کہ "اس کے (اصغر شیخ) کے 12 سال سے کم عمر کے پانچ بچے ہیں لیکن ریلوے نے نہ تو ان کے لیے کسی معاوضے کا اعلان کیا ہے اور نہ ہی خاندان کے کسی فرد کو نوکری دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔