پونے: وزیر اعظم نریندر مودی شہر میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کے لیے یکم اگست کو پونے کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم صبح میں مشہور دگدوشیٹھ مندر جائیں گے اور پوجا کریں گے۔ اسی دن دوپہر میں انہیں لوک مانیہ تلک نیشنل ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ یہ ایوارڈ ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے ملک کی ترقی کے لیے نمایاں کام کیا ہو اور جن کی شراکت کو نہ صرف قابل ذکر بلکہ غیر معمولی کہا جا سکتا ہو۔
اس کے بعد وزیر اعظم پونے میٹرو فیز I کے دو کوریڈوروں کے مکمل شدہ حصوں پر خدمات کے افتتاح کے موقع پر میٹرو ٹرینوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ یہ حصے پھوگے واڑی اسٹیشن سے سول کورٹ اسٹیشن اور گروارے کالج اسٹیشن سے روبی ہال کلینک اسٹیشن تک ہیں۔
پی آئی بی کی طرف سے اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ افتتاح پورے ملک میں شہریوں کو جدید اور ماحول دوست ماس ریپڈ اربن ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرنے کے وزیر اعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ اس کے بعد وزیر اعظم پمپری-چنچواڑ میونسپل کارپوریشن (پی سی ایم سی) کے تحت ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ کا افتتاح کریں گے جس کی لاگت تقریباً 300 کروڑ روپے ہے، یہ بجلی بنانے کرنے کے لیے سالانہ تقریباً 2.5 لاکھ میٹرک ٹن فضلہ استعمال کرے گا۔