اردو کارواں ممبئی اورنگ آباد کی جانب سے منشی پریم چند کی یومِ پیدائش کے موقع پر ایک آن لائن مذاکرہ منعقد کیا گیا۔ مذاکرہ کا عنوان تھا 'منشی پریم چند کے افسانے اور عصر حاضر کے تقاضے۔' اردو کارواں کے صدر فرید احمد خان نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے مہمانان کا تعارف پیش کیا۔
فرید احمد خان نے منشی پریم چند کے ادب میں مختلف اہم سماجی مسائل پر انکے نقطہ نظر کو پیش کیا۔ پروگرام میں ابتدائی طور پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے معروف نوجوان افسانہ نگار وسیم عقیل شاہ نے کہا کہ 'پریم چند نے اردو افسانے کو فارمیٹ عطا کیا ہے۔
انہوں نے افسانے کو زمینی حقائق سے منسلک کیا۔ ان سے قبل اردو افسانہ رومان پروری کا شکار تھا اور عشق ومحبت کی داستانیں غیر فطری انداز میں پیش کی جاتی تھیں لیکن پریم چند نے افسانے کو حقیقت پسندانہ تخلیقی فضا سے ہم آہنگ کیا اور آس پاس کے حالات و کردار کو افسانے کا مرکز و محور بنا دیا۔