اورنگ آباد: وزیر اعظم نریندر مودی نے 2022 تک ملک بھر کے تمام غریبوں کو گھر فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور اسی کے تحت مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد کے 80 ہزار لوگوں نے پردھان منتری آواس یوجنا سے استفادہ کرنے کے لیے درخواست دی تھی جن میں سے محض 355 لوگوں کو ہی اس اسکیم کا فائدہ ملا۔
مارچ 2022 میں پردھان منتری آواس یوجنا Pradhan Mantri Awas Yojana کی معیاد ختم ہو رہی ہے۔ مرکزی، ریاستی اور ضلع انتظامیہ کی تساہلی نیز طریقہ کار پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے اورنگ آباد سے رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے پریس کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کی۔
امتیاز جلیل نے کہا کہ 'وزیراعظم نریندر مودی نے 2015 میں کہا تھا کہ مُلک میں ہر غریب اور بے گھر خاندان کو تمام سہولتوں سے آراستہ ذاتی مکانات مفت میں ملیں گے اور اس کے اشتہار پر کروڑ روپے خرچ بھی کیے گئے تھے لیکن اس اسکیم کا فائدہ تمام لوگوں کو نہیں ملا جس کا ثبوت اورنگ آباد کے غریب عوام ہیں۔