اورنگ آباد:ریاست مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے کارکنان نے ڈویژنل کمشنر آفس کے روبرو احتجاجی دھرنا دیا جس میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے ساتھ مرکزی جانچ ایجنسی ای ڈی کے خلاف زوردار نعرے بازی کی۔ احتجاج کرنے والے کارکنان کا کہنا ہے کہ بی جے پی ملک کی جانچ ایجنسیوں کو استعمال کر رہی ہے اور مخالفین کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ساتھ ہی پی ایف آئی کے لیڈروں کا الزام ہے کہ ای ڈی مرکزی حکومت کے ہاتھوں کا کھلونا بن چکی ہے۔ PFI Protests Against ED in Aurangabad
ای ڈی یعنی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ پر غیر آئینی اقدام کا الزام عائد کرتے ہوئے پاپولر فرنٹ آف انڈیا نے ملک گیر سطح پر ای ڈی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا، اس کی کڑی کے طور پر اورنگ آباد میں بھی ڈیویژنل کمشنر آفس کے روبرو پی ایف آئی کے سینکڑوں کارکنوں نے احتجاجی دھرنے میں حصہ لیا، اس موقع پر بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف نعرے بازی کی گئی، پی ایف آئی کے لیڈروں کا الزام ہے کہ ای ڈی مرکزی حکومت کے ہاتھوں کا کھلونا بن چکی ہے، یہی وجہ ہے کہ بی جے پی حکومت ای ڈی کے ذریعے اپوزیشن کو کچلنے میں مصروف ہے، پی ایف آئی کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ سے چھیڑ چھاڑ کے پیچھے کی سازش کو اجاگر کرنے کے لیے وہ راستے پر اترے ہیں۔