چھترپتی سنبھاجی نگر:ریاست مہاراشٹر کے چھترپتی سنبھاجی نگر دیہی پولس کے کرائم برانچ نے جعلی نمبر پلیٹ بنا کر گاڑیاں فروخت کرنے والے ایک بین الریاستی گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ دیہی پولیس کے پولیس سپرٹینڈنٹ کے مطابق مقامی کرائم برانچ کو مخبر کے ذریعے اطلاع ملی کہ کنٹر تعلقہ کے کنج کھیڑہ میں ابراہیم امین پٹیل اپنے دیگر ساتھیوں کے ذریعے دیگر ریاستوں سے چوری شدہ گاڑیاں لاکر اور ان پر جعلی نمبر لگا کر اور فرضی دستاویزات تیار کر کے انہیں کم قیمت پر فروخت کرتا ہے۔ مخبر کی خبر پر پولس نے ایک دستہ کارروائی کیلئے کنج کھیڑہ روانہ کیا۔
پولیس کی ٹیم نے کنج کھیڑہ پہنچ کر ملزم ابراہیم امین پٹیل کو حراست میں لیا اور کنج کھیڑہ میں ٹین شیڈ میں رکھی ہوئی کریٹا اور بلیٹ گاڑیوں کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔ اسی طرح ملزم نے دیگر کچھ گاڑیاں بھی کم قیمت پر فروخت کرنے کا اقبال کیا۔ ملزم کے اقبالیہ بیان پر پولس نے مذکورہ گاڑیوں کو ضبط کر لیا ہے۔ جبکہ گاڑیوں کے نمبرس کے بارے میں جانچ کرنے پر پتہ چلا کہ مذکورہ چیس نمبر راجستهان کے اجمیر ٹرانسپورٹ آفس کی ہے۔ چیس نمبر ریاست ہریانہ کے ٹرانسپورٹ آفس کا ہے۔ انجن نمبر الگ پائے جانے کے بعد متعلقہ ملزمین کے خلاف کنڑ دیہی پولس اسٹیشن میں گاڑیوں کی چوری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔