ممبئی: ریاست مہاراشٹر کے ممبئی کے گھاٹکوپر علاقے میں ایک مسلم نوجوان پر چند افراد کے ذریعہ حملہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سے پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ ممبئی پولیس نے اس معاملے میں چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ گھاٹکوپر میں 34 برس کے مسلم نوجوان کو چار لوگوں نے بانس اور بیلٹ سے پٹائی کی۔ یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد بہت سی باتیں منظر عام پر آ رہی ہیں۔ زخمی شخص کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں وہ کچھ اور دعویٰ کر رہا ہے جب کہ پولیس ایف آئی آر میں کچھ اور لکھا گیا ہے۔
ایک نوجوان جس کا نام شاہد خان ہے جو کہ ایک پرائیویٹ کمپنی میں کورئیر ڈیلیوری کا کام کرتا ہے۔ اس کا ایک ویڈیو منظر عام پر آیا ہے جس میں وہ ہسپتال میں ہے اور وہ کہہ رہا ہے کہ 18 اگست کی رات تقریباً 1 بج کر 15 منٹ پر گھاٹ کوپر رمابائی کالونی کے پاس سے گزر رہے تھے۔ اپنے گھر کی طرف جارہے تھے کہ چار لوگوں نے اسے روک کر لائٹر مانگا جب اس نے لائٹر دیا تو ان میں سے ایک نے اس لائٹر سے سگریٹ جلایا اور پھر جب اس نے لائٹر واپس مانگا تو ان لوگوں نے گالی گالی گلوچ کرتے ہوئے اُسے زدوکوب کیا۔