شہر مالیگاؤں کی ادبی سرزمین پر ان دنوں مزید زرخیزی کے آثار نظر آرہے ہیں۔ لاک ڈاؤن سے متاثر ادبی حلقوں میں اس وقت شادابی نظر آئی جب بزم خلوص کی جانب سے مومن پورہ المرجان ہال میں فی البدیہہ شعری نشست کا انعقاد کیا گیا۔
اس نشست کی صدارت محسن اردو ادب یحی عبدالجبار نے فرمائی جبکہ نگرانی و سرپرستی مشہور شاعر آزاد انور نے انجام دی۔
اس با مقصد فی البدیہہ نشست کی خاصیت یہ تھی کہ اس میں شہر مالیگاؤں کے تمام چھوٹے بڑے خاص و عام شعراء کرام نے دلچسپی کے ساتھ شرکت کی۔
شعراء کرام کو رات میں 10 بجکر 50 منٹ پر "اسی لئے تو اسے رازداں بنایا ہے " یہ مصرع دیا گیا۔ مصرع دینے کے بعد طبع آزمائی کے لئے 45 منٹ کا وقت دیا گیا۔ اس 45 منٹ میں تقریبا 20 سے زائد شعراء نے اشعار کہے جن کی خوب پذیرائی ہوئی۔
مالیگاؤں: بزم خلوص کے زیر اہتمام شعری نشست
مہاراشٹر کے مالیگاؤں میں بزم خلوص کی جانب سے مومن پورہ المرجان ہال میں فی البدیہہ شعری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں درجنوں شعرائے کرام نے شرکت کی۔
نشست میں اقبال نذیر نے مہمان خاص کے طور پر شرکت فرمائی جبکہ نظامت کے فرائض عمران راشد نے انجام دیئے۔ مقصود اشرف اور عمران راشد کی کنوینر شپ میں منعقد ہونے والا فی البدیہہ شعری پروگرام نہایت کامیاب رہا۔
واضح رہے کہ ماضی میں مالیگاؤں میں فی البدیہہ نشستیں منعقد ہوا کرتی تھیں۔ جہاں پر شعراء کرام کو موقع پر مصرع دیا جاتا تھا اور دیئے گئے وقت میں شعراء کرام اس پر طبع آزمائی کرتے تھے۔ اس طرح ادبی ماحول تروتازہ رہتا تھا لیکن ایک مدت سے یہ سلسلہ تھم چکا تھا۔
اسی کمی کو محسوس کرتے ہوئے بزم خلوص کے زیر اہتمام فی البدیہہ شعری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ امید کی جارہی کہ ایسی نشستوں سے اصلی شعراء منظر عام آئیں گے اور اردو ادب کی مزید ترویج و اشاعت ہوگی۔
اس فی البدیہہ شعری نشست میں اقبال نذیر ،خالد انور،آزاد انور،پرواز اعظمی ،رئیس ستارہ،عرفان ندیم دیگر لوگوں نے شرکت فرما کر دیئے گئے مصرع پر طبع آزمائی فرمائی۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا اور لاک ڈاؤن بھی نفرت کے وائرس کو ختم نہیں کرسکے: مولانا ارشد مدنی