نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی 26 اکتوبر بروز جمعرات مہاراشٹر اور گوا کا دورہ کریں گے۔ اس دوران مودی شری سائی بابا مندر میں پوجا کریں گے۔ یہ اطلاع وزیر اعظم کے دفتر نے دی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی گوا کا بھی دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ گوا میں 37ویں قومی کھیلوں کا افتتاح بھی کریں گے۔
وزارت عظمی کے دفتر کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق مودی مندر کے احاطے میں بنی نئی جگہوں کا بھی افتتاح کریں گے تاکہ عقیدت مندوں کے درشن کے لیے قطار میں کھڑے ہو سکیں۔ مہاراشٹر کے اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم ریاست میں تقریباً 7500 کروڑ روپے کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز اور افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم مودی گوا میں مرگاؤ کے پنڈت جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں 37ویں قومی کھیلوں کا افتتاح کریں گے۔ اس کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں سے بھی خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق وزیر اعظم مودی دوپہر ایک بجے کے قریب احمد نگر ضلع کے شرڈی پہنچیں گے۔ یہاں وہ شری سائی بابا سمادھی مندر میں پوجا کریں گے۔ وہ مندر میں درشن کی نئی قطار کا افتتاح بھی کریں گے۔ یہاں ایک جدید عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ جس میں عقیدت مندوں کے لیے آرام دہ ویٹنگ روم کے علاوہ دیگر سہولیات فراہم کی گئیں ہیں۔
مزید پڑھیں: مرکزی حکومت نے کئی فیصلوں کے ذریعہ اگلی نسل کا بوجھ کم کیا: مودی
اس نئی عمارت میں دس ہزار سے زائد عقیدت مندوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اس میں ایئر کنڈیشنڈ عوامی سہولیات جیسے کلاک روم، ٹوائلٹ، بکنگ کاؤنٹر، پرساد کاؤنٹر، معلوماتی مرکز وغیرہ کا انتظام ہے۔ اس نئے درشن کیو کمپلیکس کا سنگ بنیاد وزیر اعظم نے اکتوبر 2018 میں رکھا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی شرڈی میں ایک عوامی پروگرام میں شرکت کریں گے۔ یہاں وہ صحت، ریل، سڑک اور تیل جیسے شعبوں میں تقریباً 7500 کروڑ روپے کے کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔