ممبئی: ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں واقع الجامعۃ السیفیہ داؤدی بوہرہ کمیونٹی کا سب سے بڑا اور اہم تعلیمی ادارہ ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جمعہ کو شام میں ممبئی میں رہوں گا اور الجامعۃ السیفیہ عربی اکیڈمی کے نئے کیمپس کے افتتاح کے موقع پر منعقد پروگرام میں شرکت کروں گا۔ انہوں ٹوئٹ میں کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ کیمپس مستقبل میں طلبا کے لیے سیکھنے کا ماحول فراہم کرے گا۔ شہر کے اپنے دورے کے دوران، وزیر اعظم نریندر مودی ممبئی میں سڑکوں کی ٹریفک کو آسان بنانے اور گاڑیوں کی نقل و حرکت کو ہموار کرنے کے لیے سانتا کروز چیمبر لنک روڈ (ایس سی ایل آر) اور کرار انڈر پاس کو بھی وقف کریں گے۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرلا سے وکولا تک اور کرلا میں ایم ٹی این ایل جنکشن، بی کے سی سے ایل بی ایس فلائی اوور تک نو تعمیر شدہ ایلیویٹڈ کوریڈور شہر میں مشرقی-مغربی کنیکٹیویٹی کو بڑھائے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس پر دو وندے بھارت ٹرینوں کا بھی آغاز کریں گے۔ ممبئی شولاپور وندے بھارت ٹرین اور ممبئی سائی نگر شرڈی وندے بھارت ٹرین دو ایسی ٹرینیں ہیں جنہیں وزیر اعظم چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس، ممبئی سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ یہ وزیر اعظم کے وژن کو پورا کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہو گا۔