اورنگ آباد: ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں نئے حج ہاوس کا افتتاح نہیں کیے جانے پر عازمین حج سمیت مقامی باشندوں میں زبردست ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ کانگریس اور مختلف مالی و سماجی تنظیموں نے ڈویژنل کمشنر سے ملاقات کرکے سات دنوں کے اندر اندر حج ہاؤس کا افتتاح نہیں کیا گیا تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔
اسی درمیان اورنگ آباد کانگریس اور اقلیتی سیل کی جانب سے ڈویژنل کمشنر کو مطالباتی مکتوب پیش کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ اورنگ آباد حج ہاؤس کا کام مکمل ہو چکا ہے، اس کے باوجود حج ہاؤس میں کام کاج شروع نہیں کیا جارہا ہے۔ آنے والی سات جون سے مراٹھواڑہ کے تمام عازمین حج اورنگ آباد ایمبارکیشن پوائنٹ سے حج کے لیے روانہ ہوں گے۔ مراٹھواڑہ کے مختلف اضلاع اور تعلقوں سے آنے والے عازمین کو اورنگ آباد میں حج ہاؤس ہونے کے باوجود بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس صورت میں نئے حج ہاوس کا افتتاح لازمی ہے۔