مہاراشٹرمیں کورونا وائرس کی دوسری لہر نے تباہی مچا دی۔ حکومت نے کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر4 اپریل سے ریاست میں جزوی لاک ڈاون لگاتے ہوئے پابندیاں عائد کردی تھیں۔
ریاستی حکومت کی طرف سے عائد یہ سخت پابندیاں یکم مئی کو صبح سات بجے ختم ہونی تھیں۔عوام تذبذب کا شکارتھی کہ آیا اس میں مزید توسیع کرتے ہوئے لاک ڈاؤن نافذکیا جائےگا؟ قیاس کے مطابق یکم مئی سے قبل ہی ریاست میں مزید 15 دنوں کے لئے سخت پابندیوں کے ساتھ اشیائے ضروریہ کو چھوڑ تمام دیگر دکانوں سمیت، سیلون ،جم اور سنیما ہال بند کر دیئے گئے۔
حکومت کی جانب سے لاک ڈاون میں توسیع کئے جانے کے بعد 15 مئی تک اس قانون کا نفاذ ہے۔
اب15 مئی بھی قریب آرہی ہے اس لئے عوام میں تذبذب کا ماحول ہے کہ 15 مئی کو ریاستی حکومت لاک ڈاون ختم کرتی ہے یا اس میں اضافہ کرے گی یا پھر جس طرح تامل ناڈو سمیت ملک کی دیگر ریاستوں میں مکمل لاک ڈاون لگائے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ10مئی سے مکمل لاک ڈائون لگانے کا اعلان کر دیاجائے گا۔کیااسی طرز پر مہاراشٹر میں بھی مکمل لاک ڈاون لگایا جائے گا؟۔کیونکہ ابھی بھی دیگر ریاستوں کی بہ نسبت مہاراشٹر میں کوروناکے مریض زیادہ تعداد میں پائے جارہے ہیں۔