ممبئی (مہاراشٹر) :بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈر پنکجا منڈے نے ایک بار پھر کھل کر پارٹی کے تئیں اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’میں کسی سے نہیں ڈرتی، خوف ہمارے خون میں نہیں ہے۔ کچھ نہ ملا تو کھیت میں گنے کاٹنے چلی جاؤنگی، مجھے کوئی خود غرضی، امید اور کسی چیز کی خواہش نہیں ہے۔‘‘
’’میں بی جے پی سے تعلق رکھتی ہوں، لیکن بی جے پی میری نہیں ہوسکتی۔‘‘ پنکجا منڈے نے یہ بات اہلیہ دیوی کے یوم پیدائش کے موقع پر کہی۔ اس پروگرام کا اہتمام راشٹریہ سماج پکش کے رہنما اور سابق وزیر مہادیو جانکر نے کیا تھا۔ پنکجا منڈے نے منعقدہ تقریب کے دوران کہا کہ ’’مہادیو جانکر کو میرے والد مرحوم گوپی ناتھ منڈے اپنا بیٹا مانتے تھے۔‘‘ پنکجا منڈے نے طنزیہ لہجے میں کہا کہ ’’یہ اچھی بات ہے کہ مہادیو جانکر نے شادی نہیں کی۔ اس لیے وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرح عوام کے لیے وقف زندگی گزار سکتے ہیں۔ انہیں اپنے خاندان کا نہیں ملک کے لوگوں کا خیال رکھنا ہے۔‘‘
اسٹیج سے خطاب کرتے ہوئے پنکجا منڈے نے اپنے والد کا ایک واقعہ بھی سنایا، انہوں نے کہا: ’’میرے والد گوپی ناتھ منڈے بتاتے ہیں کہ ان کے والد یعنی میرے دادا گاؤں کا ایک واقعہ سنایا کرتے تھے۔ وہ کہتے تھے کہ گاؤں جاتے ہوئے ایک جگہ جوتے اتار کر بازو میں ڈال لیتے تھے۔ یہ شاید وہاں کا ذات پات کا نظام تھا۔ لیکن ہمیں اہلیہ دیوی ہولکر کے نقش قدم پر چلنا ہے اور سماج کے آخری آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے۔‘‘ اس دوران راشٹریہ سماج پارٹی کے لیڈر مہادیو جانکر نے بی جے پی کو نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ ’’ہماری بہن پنکجا منڈے کی پارٹی بی جے پی سے سماج کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ میری بہن وزیر اعلیٰ بنے گی لیکن معاشرے کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا کیونکہ ریموٹ کنٹرول دوسروں کے ہاتھ میں ہوگا۔‘‘