آزاد میدان ممبئی میں جاری نان گرانٹ اساتذہ کے دھرنے میں جہاں ریاست بھر سے اساتذہ کرام اور معلمات شرکت کر رہے ہیں وہیں، اس مرتبہ مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں کے ساتھ ساتھ ریاست بھر سے بیس سالوں میں پہلی مرتبہ کسی تعلیمی احتجاج میں ممبئی آزاد میدان پہنچنے والی مسلم برقع پوش معلمات نے اپنی موجودگی درج کروائی ہے۔
اس سلسلے میں ملی تفصیلات کے مطابق مالیگاؤں شہر سے نان گرانٹ طرز پر تدریسی خدمات انجام دینے والے اساتذہ کرام کے ساتھ ساتھ معلمات بھی نان گرانٹ طرز پر پڑھا رہی ہیں۔ احتجاج میں شہر کی اردو اسکولز میں پڑھانے والی خواتین معلمات نے برقع پہن کر شرکت درج کروائی۔ اس موقع پر غیر مسلم مظاہرین نے جوش و خروش سے مسلم خواتین کا استقبال کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔