ممبئی:این آئی اے نے ایک بیان میں کہا کہ یہ چھاپے مخصوص انٹیلیجنس کی معلومات کی بنیاد پر مارے گئے۔ اس کے بعد جنوبی ممبئی کے ناگپاڑا سے تابش ناصر صدیقی، پونے کے کونڈھوا سے زبیر نور محمد شیخ عرف ابو نصیبہ اور ممبئی سے متصل تھانے ضلع کے پڑگھا علاقے سے شرجیل شیخ اور ذوالفقار علی بڑوداوالا کو گرفتار کیا گیا۔ان پر مبینہ طور پر آئی ایس آئی ایس سے رابطہ کا الزام ہے
اپنے بیان میں این آئی اے نے کہا کہ آئی ایس آئی ایس کے مہاراشٹر ماڈیول کے سلسلے میں این آئی اے کے ذریعہ 28 جون کو ایک کیس کے اندراج کے بعد پانچ مقامات پر متعلقہ افراد کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔ اس میں کہا گیا کہ این آئی اے کی مختلف ٹیموں نے ملزمین کے گھروں کی تلاشی لی۔ اس دوران کئی قابل اعتراض مواد بشمول 'الیکٹرانک گیجٹس' اور آئی ایس آئی ایس سے متعلق دستاویزات ضبط کی گئیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ NIA کی چھاپہ ماری اطلاعات کے بعد کی گئی۔ ملزم تابش ناصر صدیقی، زبیر نور محمد شیخ عرف ابو نصیبہ، شرجیل شیخ اور ذوالفقار علی بڑوداوالا اور ان کے ساتھیوں نے نوجوانوں کو بھرتی کیا اور انہیں دھماکہ خیز آلات اور ہتھیار بنانے کی تربیت دی۔