تھانے: ریاست مہاراشٹر کے تھانے ضلع میں ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے ہندو رہائشیوں نے عیدالاضحی (بقرعید) سے قبل ایک مسلم شخص کو اپنے گھر میں بکرے خرید کر لانے پر ہنگامہ کیا۔ پولیس نے بدھ کو اسکی اطلاع دی ہے۔ منگل کی شام اس واقعہ کے بعد پولیس بھائیندر علاقے میں واقع ہاؤسنگ سوسائٹی پہنچ گئی۔ میرا روڈ پولیس اسٹیشن کے ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ انہوں نے رہائشیوں کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں خاموش کرا دیا۔
واضح رہے کہ تھانے ضلع میں واقع ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک مسلم رہائشی نے عیدالاضحی سے قبل بازار سے دو بکرے خرید کر لایا لیکن جیسے ہی وہ سوسائٹی میں داخل ہوا۔ سوسائٹی میں ایک ہنگامہ برپا ہوگیا اور سوسائٹی کے ہندو برادری نے اعتراض کرتے ہوئے خوب ہنگامہ کیا۔ اس دوران مقامی لوگوں نے جے شری رام کے نعرے لگائے اور پولیس کے خلاف بھی نعرے بازی کی، موقع پر پہنچی پولیس نے حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش تاہم یہ ہنگامہ نصف شب تک چلتا رہا۔ میرا روڈ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے مطابق انہوں نے رہائشیوں کے ساتھ بات چیت کرکے حالات پر قابو پالیا۔