ممبئی:مہاراشٹر میں این سی پی لیڈر اجیت پوار کی بغاوت کے بعد پارٹی سربراہ شرد پوار نے آج اپنی یعنی پارٹی کی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ شرد پوار نے ریاست کے پہلے وزیر اعلیٰ یشونت راؤ چوہان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ستارہ ضلع کے کراڈ میں اپنے کارکنان سے خطاب کیا۔ شرد پوار نے کہا کہ مہاراشٹر اور ملک میں فرقہ وارانہ تقسیم پیدا کرنے والی طاقتوں سے لڑنے کی ضرورت ہے۔ اپنے بیان میں شرد پوار نے اتحاد پر زور دیا۔
وہیں انہوں نے آج پونے میں کہا تھا کہ وہ اپنی پارٹی این سی پی کو دوبارہ تشکیل دیں گے، شردپوار پیر کی صبح پونے سے کراڈ کے لیے روانہ ہوئے تھے اور جگہ جگہ اپنے حامیوں سے ملنے کے لیے راستے میں رکتے رہے۔ گزشتہ روز اپنے بھتیجے کی بغاوت کی وجہ سے ایک بہت بڑی سیاسی شرمندگی کے بعد، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سرپرست شرد پوار نے گرو پورنیہ کے موقع پر ستارہ ضلع کے کراڑ میں مہاراشٹر کے پہلے اور ان کے سرپرست وزیر اعلیٰ یشونت راؤ چوان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے طاقت کا مظاہرہ کیا۔