پونے: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے کسانوں کو درپیش مسائل پر مرکزی حکومت کے خلاف آج سے مہاراشٹر کے پونے میں چار روزہ احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ این سی پی کی جانب سے کسانوں کو در پیش مسائل پر اس احتجاج کو 'شیتکری آکروش مورچہ' کا نام دیا گیا ہے۔ یہ احتجاجی مظاہرہ پونے کے شیو نیری قلعے سے جھنڈی دکھا کر کلکٹریٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔
این سی پی کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے ایک ویڈیو پیغام کے ساتھ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ "یہ آمرانہ مرکزی حکومت کے خلاف متحد ہونے کا وقت ہے جو ہمارے کسانوں کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے۔ آئیے اس مرکزی حکومت کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں جو ملک پر غیر اعلانیہ ایمرجنسی کا اعلان اور آئین کا قتل کے ظلم کر رہی ہے۔ "آئیے 27 سے 30 دسمبر تک پونے ضلع کے شیو نیری قلعے سے شروع ہونے والے "شیتکری اکروش مورچہ" میں بڑی تعداد میں شرکت کریں۔"
احتجاجی کال کے سلسلے میں این سی پی رہنما و رکن پارلیمنٹ امول کولہے نے پارٹی سپریمو شرد پوار سے ان کی پونے رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ این سی پی کے شرد پوار گروپ کا کہنا ہے کہ کسانوں کے معاملے پر 6 بڑے مطالبات ہوں گے۔ پیاز کی برآمد پر پابندی اہم مسائل میں سے ایک ہونے کا امکان ہے۔ این سی پی کے سپریمو شرد پوار بھی 30 دسمبر کو مورچہ سے خطاب کریں گے۔