ممبئی: نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی اور گجرات سے 120 کروڑ روپے کی مالیت کا 60 کلو گرام میفیڈرون ضبط کیا ہے اور اس معاملے میں ایئر انڈیا کے ایک سابق پائلٹ سمیت چھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ این سی بی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سنجے سنگھ نے ممبئی میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ کارروائی گجرات کے جام نگر میں نیول انٹیلی جنس یونٹ کو موصول ہونے والی ایک خاص اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ خفیہ اطلاع ملنے پر، دہلی میں این سی بی ہیڈکوارٹر اور اس کے ممبئی ریجنل یونٹ کے اہلکاروں نے 3 اکتوبر کو جام نگر میں چھاپہ ماری کی اور 10 کلو گرام میفیڈرون ضبط کیا۔ سنگھ نے کہا کہ این سی بی کی ٹیم نے اس سلسلے میں ایک شخص کو جام نگر اور تین کو ممبئی سے گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی بی کی ٹیم نے جمعرات کو جنوبی ممبئی کے فورٹ علاقے میں ایس بی روڈ پر ایک گودام پر چھاپہ مارا اور وہاں سے 50 کلو گرام میفیڈرون ضبط کیا۔ NCB seizes mephedrone worth more than Rs 120 cr