ممبئی:مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے خلاف سازش کر کے اقتدار میں آنے والی مہاراشٹرا کی شندے-فڈنویس حکومت کے دور اقتدار کے 100 دن مکمل ہو گئے ہیں۔ ان 100 دنوں میں ایکناتھ شندے اور دیویندر فڈنویس کی ای ڈی حکومت کا پورا وقت غنڈہ گردی، لوگوں کو ہراساں کرنے،استقبالیہ تقاریب، مندروں کی زیارت اور کرسی بچانے میں گزرا۔یہ حکومت گجرات کے مفادات کے لیے مہاراشٹر کو دھوکہ دے رہی ہے۔ پٹولے نے کہا کہ شندے فڈنویس کا 100 دن کا دور مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔ریاست کی شندے وفڈنویس حکومت پر یہ سخت حملہ ریاستی کانگریس صدر نانا پٹولے نے کیا ہے۔Nana Patole Slams Shinde, Fadnavis
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے سی ایم ایکناتھ شندے کو گنپتی پنڈالوں کے بعد نوراتری تہوار کے دوران دیوی کے درشن کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ حکومت صرف اپنی کرسی بچانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں 1 لاکھ 54 ہزار کروڑ روپے کی ویدانتا- فاکسکان کے سرمایہ کاری کا پروجیکٹ اور 1 لاکھ براہ راست روزگار کے مواقع گجرات میں چلے گئے۔پٹولے نے مزید کہا کہ بھاری بارش سے کسانوں کو کافی نقصان ہوا ہے لیکن ابھی تک پنچنامہ نہیں ہوا ہے۔ پنچنامے کے نام پر خانہ پری کرکے کسانوں کے لیے صرف برائے نام مدد کا اعلان کیا گیا ہے اور وہ امداد بھی کسانوں کو نہیں دی گئی۔ناناپٹولے نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی حکومت سے پیٹرول اور ڈیزل پر 50 فیصد ٹیکس کم کرنے کا مطالبہ کرنے والوں نے اب خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ مہا وکاس اگھاڑی حکومت نے سی این جی پی این جی پر ٹیکس کم کیا لیکن ای ڈی حکومت نے کوئی ٹیکس کم نہیں کیا ہے بلکہ سی این جی کو 84 روپے فی کلو تک بڑھا دیا ہے۔