ناگپور: مسلم سماج کے تعلق سے یہ عام تاثر پایا جاتا ہے کہ وہ تحقیق و تخلیق کے میدان سے دور اور قوم و ملت کی تعمیر سے لا تعلق ہوتے جا رہے ہیں۔ اس طرح کی منفی آرا کے باوجود مسلمانوں کی ایک قلیل تعداد ہی صحیح، مگر تحقیق و تخلیق اور سائنسی ترقی کے میدان میں مسلسل آگے بڑھ رہی ہے اور قوم و ملت کی ناقابل فراموش خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ناگپور میں جاری 108ویں انڈین سائنس کانگریس میں ایک مسلم طالب علم ایچ افضل محمد نے نابینا افراد کے لیے سینسر والے خصوصی چشمے کی نمائش کی۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اس چشمہ کی مدد سے نابینا افراد کو ان خطرات سے آگاہ کیا جائے گا جن کا اسے سامنا ہو سکتا ہے۔
بتادیں کہ ناگپور کے راشٹرسنت تکدوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی کیمپس میں جاری 108ویں انڈین سائنس کانگریس میں 10 سے 17 برس کی عمر کے چائلڈ سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے چلڈرن سائنس کانگریس کے نام سے ایک الگ ڈوم بنایا گیا ہے، جہاں چائلڈ سائنسدانوں نے سینکڑوں تجربات پیش کیے۔ یہاں نیشنل اسکول ناگاپٹنم تمل ناڈو کے طلباء کے ذریعے نابیناؤں کے لیے بنائے گئے چشمے سب کی توجہ کا مرکز بن رہے۔