ممبرا میں جلوس غوثیہ کے متعلق علمائے کرام و ائمہ مساجد کی ایک میٹنگ میں مولانا سید معین الدین اشرف(معین میاں) نے کہا کہ امسال جلوس غوثیہ 9 دسمبر کو نکالا جائے گا۔
مولانا توکل احمد شمسی، ویڈیو تفصیلات کے مطابق ہر برس اسلامی ماہ ربیع الثانی کی 11 تاریخ کو پوری دنیا میں شیخ عبد القادر جیلانی بغدادیؒ کی یاد میں جلوس و نیاز کیا جاتا ہے۔
اسی طرح ممبئی سے متصل شہر ممبرا میں بھی گزشتہ 30 برسوں سے یہ جلوس نکالا جارہا ہے۔
جلوس کی ابتداء انوار اشرف (مثنیٰ میاں ) نے کی تھی اور اب جلوس کی قیادت سید معین الدین اشرف کرتے ہیں۔
اس جلوس کے متعلق میٹنگ منعقد کی گئی جس میں شہر بھر کی مساجد کے بیشتر ائمہ، علمائے کرام و سماجی کارکنان نے شرکت کر جلوس کو مزید بہتر و مثالی بنانے کے لیے اپنی تجویز و رائے پیش کی۔
اس دوران مولانا توکل احمد شمسی نے کہا کہ 'جلوس حسب روایات 11 ربیع الثانی 9 دسمبر بروز پیر کو دوپہر 3بجے اشرف نگر بامبے کالونی ممبرا سے روانہ ہوگا، اسکے بعد نماز عصر سنی جامع مسجد اسٹیشن کے پاس ادا کی جائے گی۔
روایت کے مطابق جلوس شہر کی اہم سڑک سے گذرتا ہوا عشاء کے وقت تک کوسہ تالاب کے پاس شملہ پارک کی غوثیہ مسجد پر اختتام پذیر ہوگا جہاں جلسہ عام منعقد کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ جلسہ کے اختتام پر قائد جلوس مولانا سید معین الدین اشرف اور علمائے کرام کا وفد درگاہ حضرت سید فخر الدین شاہؒ جائے گا جہاں سلام پیش کیا جائے گا۔
اس میٹنگ میں مولانا جمال احمد صدیقی، مولانا عطاءاللہ قادری، مولانا مجیب الرحمن، مولانا ہدایت اللہ، مولانا نسیم فریدی، مولانا الطاف، مولانا فیاض احمد، حافظ عبد الکریم، حافظ رونق علی ملک، نعیم رضوی، محی الدین رضوی، معین خان، عبد الغفار بھائی و دیگر موجود تھے۔