ممبئی:ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقے ناگپاڑہ میں ٹیومر بورڈ نام کا ایک کلینک ان دنوں موضوع بحث ہے۔ کیونکہ یہ ایسا کلینک ہے جہاں ڈاکٹروں کی تعداد خاصی ہے لیکن یہاں کیش کاؤنٹر ہی نہیں ہے۔ یہ بات آپکو شاید حیران کر دے گی کہ یہاں کیش کاؤنٹر کیوں نہیں ہے۔ در اصل اس کلینک کی بنیاد کو یہ سوچ کر رکھی گئی ہے کہ یہاں جو بھی آئے اسے پیسوں کا خیال تک نہ آئے بلکہ وہ علاج کو آسان کیسے بنائے وہ جانکاری یہاں اسے مل جائے۔
دراصل یہاں کے ڈاکٹر وسیم پوپلنکر جنہوں نے اپنے خواب کو اس شکل میں عملی جامہ پہنایا ہے، تاکہ یہاں ہر خاص و عام بلا جھجھک اور پیسوں کی کمی کے باعث علاج سے محروم نہ ہو۔ ڈاکٹر وسیم نے اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کی، گھر کی معاشی حالت زیادہ بہتر نہیں تھی۔ اُنکے والد کینسر جیسے مہلک بیماری سے جوجھ رہے تھے۔ یہیں سے انہوں نے معاشرے کے لیے اس طرح کے کلینک کے بارے میں سوچا اور اپنے دوست ڈاکٹروں کے ہمراہ صلاح و مشورہ کیا۔ طویل مشقت اور محنت کے بعد 18 ڈاکٹروں کی ٹیم پر مشتمل اُنہوں نے اس کیلنک کا افتتاح عالمی شہرت یافتہ عالم دین مولانا یونس پالنپوری کے بدست کیا۔