ریاست مہاراشٹر میں کورونا کا قہر اپنے پورے شباب پر ہے کورونا انفیکشن کو دیکھتے ہوئے ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ اب ممبئی کے اسکولز 31 دسمبر تک نہیں کھلیں گے۔
فیصلے کے مطابق ممبئی میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں تمام نجی، سرکاری اور میونسپل اسکول 31 دسمبر تک بند رہیں گے۔ ممبئی کے میونسپل کمشنر اقبال چاہل نے یہ احکامات دیئے ہیں۔ یہ احکامات کورونا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کی وجہ سے جاری کیے گئے ہیں۔ جبکہ 23 نومبر سے نویں تا بارہویں جماعت کی کلاسز ریاست کے دیگر حصوں میں شروع ہوں گی لیکن ممبئی کی اسکولز اب نئے سال میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن انتظامیہ اور تعلیم کا محکمہ ایک روڈ میپ پر غور کر رہا ہے کہ دسمبر کے بعد اگلے تعلیمی سال کا آغاز کیسے کیا جائے۔
اس سے قبل ریاستی حکومت نے اسکولوں کے حوالے سے ایک الگ حکم نامہ جاری کیاتھا۔ لیکن ممبئی میونسپل کمشنر نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ شہر میں کوئی بھی اسکول 31 دسمبر تک شروع نہیں کیا جائے گا۔ اسکول بند ہونے سے انتظامیہ کے پاس تیاری کے لئے کافی وقت ہوگا۔ فی الحال ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں میں ٹیسٹنگ کیمپ چل رہے ہیں۔ صاف صفائی کی جا رہی ہے۔ جنگی پیمانے پر جانچ مہم کا آغاز میونسپل کارپوریشن میں کئی ہفتوں سے جاری ہے۔ ان ایام میں اساتذہ کی جانچ کے ساتھ ساتھ آئندہ کا لائحہ عمل بھی ترتیب دیا جائے گا۔