ممبئی: ممبئی میں شب برات اور ہولی پر ممبئی پولیس نے ضروری احکامات جاری کئے ہیں۔ شب برات پر قبرستان, خانقاہوں اور درگاہوں پر سخت حفاظتی انتظامات کا بھی دعوی کیا ہے۔ ممبئی پولیس کمشنر وویک پھنسلکر نے کہا کہ کہ 'ہولی اور شب برات کی ایک ساتھ آمد کے سبب پولیس کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں ساتھ ہی ہولی کے دوران خواتین کے ساتھ چھیڑ خانی, جبرا رنگ اڑانے و غبار پھینکنا بھی ممنوعہ ہے اگر کوئی اس کی خلاف ورزی کرتا ہے یا کسی کو جبرا رنگ لگاتا ہے یا غبار پھینکتا ہے تو اس پر سخت کارروائی ہوگی۔ فرقہ پرست عناصر پر پولیس نظر رکھ رہی ہے اور اگر کوئی ممبئی شہر کا نظم ونسق خراب کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس سے ممبئی پولیس سختی سے نمٹنے گی اور کسی بھی شرپسند عناصر کو بخشا نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ممبئی کے شہریوں کو قانون کی پاسداری کرنا لازمی ہے۔ مسلم نوجوانوں سے وویک پھنسلکر نے اپیل کی ہے کہ وہ شب برات پر شب بیداری ضرور کریں کیونکہ یہ بڑی شب ہے اس میں عبادت و ریاضت اور اپنی عزیز واقارب کو یاد کیا جاتا ہے ان کی قبروں پر حاضری دی جاتی ہے ان کے لیے دعا کی جاتی ہے ایسی صورتحال میں وہ خرافات رش ڈرائیونگ, قانون شکنی سے گریز کریں قبرستانوں میں اس شب کافی بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے اور پارکنگ کا ایک بہت بڑا مسئلہ پیدا ہوتا ہے اس لئے پولیس نے اس پر خاص توجہ دی ہے۔ قبرستانوں کے اطراف پارکنگ ممنوعہ ہے اس کے ساتھ ہی پارکنگ کیلئے علیحدہ انتظامات بھی کئے گئے ہیں قبرستان یا درگاہوں یا خانقاہوں پر حاضری دینے کیلئے زائرین کارز اور گاڑیاں استعمال کرنے کے بجائے عوامی ٹرانسپورٹ ٹیکسی یا دیگر ذرائع کا استعمال کریں اس سے ٹریفک کا مسئلہ بہت حد تک ختم ہوجائیگا۔