ممبئی: ممبئی پولیس کمشنر نے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی۔ ممبئی کے پولیس کمشنر سنجے پانڈے نے مہاراشٹر میں جاری سیاسی بحران کے سبب ممبئی کے حالات سے متعلق وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے سے آج ایک گھنٹہ تک میٹنگ کی ہے۔ اس میٹنگ میں نظم و نسق سے لے کر دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ممبئی میں ایکناتھ شندے کی بغاوت کے بعد اب شیوسینکوں نے جگہ جگہ احتجاجی مظاہرہ شرو ع کردیا ہے۔ باغی اراکین اسمبلی کے بینر پوسٹر نکالنے اور انہیں نذر آتش کرنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ ممبئی کے کرلا میں رکن اسمبلی منگیش کڈالکر کا شیوسینکوں نے پوسٹر اور بینر پھاڑ دیا اور اب شیوسینک جگہ جگہ مشتعل ہو رہے ہیں۔
کارپوریٹروں اور شیوسینا پرمکھ اعلی رہنماؤں کی میٹنگ میں شیوسینکوں کو ضروری ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ ایسے میں اب ریاست بھر میں شیوسینک باغیوں کے خلاف محاذ کھول سکتے ہیں۔ ممبئی میں شیوسینکوں اور بی جے پی کارکنان میں تشدد پھوٹ پڑنے کا بھی خطرہ ہے۔ اس لیے ریاستی بی جے پی کے اعلی لیڈران اور ان کی رہائش گاہ پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ ممبئی پولیس نے ایسے حساس علاقوں میں بندوبست میں اضافہ کردیا ہے جہاں شیوسینا کے اراکین نے بغاوت کی ہے اور وہ گوہاٹی میں مقیم ہے۔
ریاست بھر میں شیوسینا سے ہمدردی
ممبئی اور ریاست بھر میں سوشل میڈیا پر ہمدردی کا اظہار کیا جارہا ہے اور وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو بیسٹ سی ایم قرار دیا جارہا ہے ساتھ ہی آئی ایم ویتھ ادھو ٹھاکرے سی ایم پوسٹ کو وائرل کیا جارہا ہے دوسری طرف شیوسینا پر تنقید بھی کی جارہی ہے اور اس کے ہندوتوا پر سوال بھی اٹھایا جارہا ہے۔ ممبئی میں اقلیتیں بالخصوص مسلمان بھی شیوسینا کے لیے اظہار ہمدردی کر رہے ہیں اور وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کے اقتدار کے لیے تعاؤن کرنے کو تیار ہے لیکن اب حالات بالکل اس کے برعکس ہے کیونکہ شیوسینا کے 40 سے زائد باغی گوہاٹی میں مقیم ہے اس میں کرلا کے چاندیولی حلقہ کے رکن اسمبلی دلیپ لانڈے بھی گوہاٹی پہنچ گئے ہیں۔ اس سے قبل دلیپ لانڈے ایم این ایس میں تھے جنہوں نے بعد میں شیوسینا میں شمولیت کی تھی۔ دلیپ لانڈے کے لیے ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں جاکر بغاوت کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے اور وہ اس میں ماہر بھی بتائے جاتے ہیں۔